نئی دہلی،15؍دسمبر(ایس او نیوز؍ایجنسی) کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے کہا ہے کہ لکھیم پور کھیری میں کسانوں کو کچلنے کے واقعہ کے سلسلے میں جو تازہ حقائق سامنے آئے ہیں ان کے پیش نظر ریاستی وزیر داخلہ اجے مشرا سے فوری طور پر استعفی لیا جانا چاہئے۔
راہل گاندھی نے لکھیم پور کھیری معاملے میں لوک سبھا میں بحث کرانے کا مطالبہ خارج ہونے پر ہوئے ہنگامے کی وجہ سے ایوان کی کارروائی ملتوی ہونے کے بعد پارلیمنٹ ہاؤس کے احاطے میں صحافیوں سے کہا کہ اب لکھیم پور کھیری معاملے میں حالات واضح ہوگئے ہیں اس لئے مرکزی وزیر کو استعفی دے دینا چاہئے اور اس معاملے پر اپوزیشن کا مطالبہ مانتے ہوئے پارلیمنٹ میں بحث کرائی جانی چاہئے۔
اس سلسلے میں پوچھے گئے سوال پر انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی لکھیم پور کھیری معاملے میں ایوان میں بحث چاہتی ہے اور اس معاملے میں وہ بھی اپنی بات رکھنا چاہتے ہیں لیکن حکومت بولنے کی اجازت نہیں دے رہی ہے اس لئے ایوان کی کارروائی میں رخنہ پیدا ہو رہا ہے۔
راہل گاندھی نے کہا ’’ہم نے ایوان میں کہا کہ ایس آئی ٹی کا فیصلہ آیا ہے اور ان کے جو وزیر ہیں وہ اس میں ملوث ہیں، تو ہم نے کہا کہ کم از کم بحث کی اجازت دی جانی چاہئے، مگر وہ بحث نہیں کرنا چاہتے۔ مرکزی وزیر مملکت برائے داخلی امور اجے ٹینی کو استعفی دے دینا چاہئے۔‘‘